تازہ ترین

کرونا وائرس: یورپ کا 30 دن کیلئے بیرونی سرحدیں بند کرنے کا اعلان

برسلز : بیلجیئم حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا، لاک ڈاؤن آج دوپہر سے نافذ العمل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی اور اسپین کی طرح بیلجیئم نے بھی کرونا وائرس کی روک تھام کےلیے ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں آج دوپہر سے فیصلوں پر عمل درآمد ہوگا۔

بیلجیئن حکومت کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ وائرس پر بنائے گئے گروپ کی سفارشات پر کیا گیا ہے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد میں مستقل اضافہ ہورہا ہے، بیلجیئم میں وائرس کے مریضوں کی تعداد تقریبا 1250 ہوگئی ہے۔

بیلجیئم وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں بیلجیئم میں 400 کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ملک میں وائرس سے 10 اموات واقع ہوچکی ہیں اور 79 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بیلجیئم میں بلاضرورت رات 10 بجے کے بعد باہر نکلنے پر پابندی لگنے کا خدشہ ہے جبکہ بچاؤ کےلیے میل میلاپ بند کیا جائے، گھر میں رہا جائے۔

دوسری جانب جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے اعلان کیا ہے کہ اگلے 30 دن کےلیے یورپ کے بیرونی بارڈر بند کررہے ہیں، بارڈر کی بندش کا مقصد کرونا وائرس کی وبا کو روکنا ہے۔

خیال رہے کہ چین کے بعد یورپ کو کرونا وائرس کی وبا نے سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے جبکہ چین کے بعد سب زیادہ متاثر ہونے والا ملک یورپی یونین کا رکن اٹلی ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 2503 ہوگئی ہے۔

Comments

- Advertisement -