اسلام آباد : حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کی روک تھام کےلیے بڑا قدم اٹھالیا، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات پر فضائی آپریشن دو ہفتے کےلیے معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس کے پیش نظر کئی ممالک نے حفاظتی اقدامات کی خاطر فلائٹ آپریشن معطل کیے ہیں تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے، پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہوگیا ہے جس نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے فضائی آپریشن پر پابندی عائد کردی ہے۔
پاکستان ایئرلائن نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے 22 مارچ سے اندورن و بیرون ملک جانے والی پروازوں کا آپریشن مکمل طور پر معطل کرنے کیا گیا ہے، یہ فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی مشاورت کے بعد کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے فضائی آپریشن معطل کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کی منظوری بھی دے دی ہے۔
کرونا وائرس : پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل پاکستان ایئر لائن کی جانب سے 22 مارچ سے 28 مارچ تک صرف بیرون ملک جانے والی پروازوں کو عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عمان اور سعودی عرب سمیت متعدد ممالک کرونا وائرس کے پیش نظر بیرون ملک پروازوں کا آپریشن معطل کرچکے ہیں۔