اسلام آباد : وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ عازمین حج کیلئےتربیتی پروگرام عارضی طور پر معطل کر دیا ہے اور اس سلسلے میں تمام حاجی کیمپوں کو بھی ٓاگاہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حج2020کیلئےانتظامات معمول کے مطابق جاری ہیں ، عازمین حج کیلئےتربیتی پروگرام عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔
وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے اجتماعات پر پابندی ہے، عازمین حج کی صحت کی حفاظت کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ، اس سلسلے میں تمام حاجی کیمپوں کو ٓاگاہ کر دیا گیا ہے۔
نور الحق قادری نے کہا ہے کہ عازمین حج کو مناسک کی آگاہی سوشل میڈیاپر دی جارہی ہے، حج 2020کے انتظامات پر سعودی عرب سے مسلسل رابطےمیں ہیں۔
یاد رہے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق القادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا عین توکل کا حصہ ہے، دینی مدارس کی چھٹیاں اور امتحانات موخر کیے ہیں، وزیراعظم کو کچھ تجاویز صوبائی حکومتوں نے دی ہیں۔
نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ کرونا سے متاثرہ شخص لوگوں میں گھلنے ملنے سے گریز کریں، علما سے گزارش ہے کہ جمعے کے خطبات کو مختصر کیا جائے، درباروں، زیارت گاہوں میں تقاریب کو موخر کیا جائے، شادی بیاہ کی تقریبات موخر یا کم لوگوں کا مجمع کیا جائے۔
انہوں نے کہا تھا کہ حرمین شریفین سے متعلق مختلف افواہیں ہیں، حرمین شریفین کی رونقیں جلد لوٹ آئیں گی، سعودی حکام سے رابطے میں ہیں۔