بیروت: لبنانی دارالحکومت بیروت، بندرگاہ پر اسلحے کے گودام میں ہونے والے دھماکے سے لڑکھڑا کر رہ گیا ہے، زخم خوردہ شہر اب کرونا وائرس کی زد میں ہے اور اسپتال و طبی عملہ مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق لبنانی وزیر صحت حمد حسن نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کے مریضوں سے بیروت کے بیشتر اسپتال بھر گئے ہیں۔
لبنانی وزیر صحت کے مطابق 2 ہفتے قبل بندرگاہ کے دھماکے کے بعد بیروت میں کرونا وائرس کے مریضوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، بیروت میں سرکاری اور نجی اسپتالوں کی صورتحال بے حد مشکل ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی تنفس کے آلات یا انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں مزید مریضوں کے لیے جگہ نہیں ہے، اس حوالے سے سرکاری اور نجی دونوں سیکٹر کے اسپتال ایک صفحے پر ہیں۔
وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ ہم تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں، تازہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پورے ملک میں 2 ہفتے تک مکمل لاک ڈاؤن لگانا ہوگا تاکہ بیروت بندرگاہ کے دھماکے سے متاثرہ علاقوں کا تحفظ کیا جاسکے۔ یہ وہ مقامات ہیں جہاں امدادی تنظیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران لبنان میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، لبنان میں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 337 اور اموات کی تعداد 105 تک پہنچ گئی ہے۔