اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث مختلف سیکٹرز کی 10 گلیاں سیل کردی گئیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقت کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد مختلف سیکٹرز کی 10 گلیاں سیل کردی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ایف الیون میں گلی نمبر 46 اور23 مکمل سیل کی گئی ہیں، آئی ایٹ ٹو، تھری اور فور کی تین گلیاں بھی مکمل سیل کی گئی ہیں۔
حمزہ شفقت کے مطابق آئی ٹین ٹو اور جی الیون ٹو کی تین گلیاں سیل کردی گئی ہیں، دو نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی مختلف گلیاں بھی سیل ہوں گی، ان تمام گلیوں کو اسمارٹ لاک ڈاون کے ذریعے سیل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزارت قومی صحت نے اسلام آباد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی سفارش کی تھی۔
ڈی ایچ او نے وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ کے نام مراسلہ لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مختلف سیکٹرز کی گلیوں میں کورونا سرویلنس کی، بعض گلیوں میں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔
ڈی ایچ او کا مراسلے میں کہنا تھا کہ کورونا وائرس کیسز والی گلیوں کی بندش ناگزیر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 832 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 27 ہزار 895 ہو گئی ہے۔
ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 9 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہزار 736 ہو گئی، جب کہ 562 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔