اسلام آباد : کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے شہری دفاتر میں بائیومیٹرک حاضری اور ملازمین کے ہاتھ ملانےاور گلے ملنے پر پابندی عائد کردی ہے اور ہدایت کی ہے کہ شہری ادارے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کریں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے کرونا وائرس سےمتعلق ہدایت نامہ جاری کر دیا ، ہدایت نامہ وفاقی شہری اداروں کوجاری کیاگیا ہے،جس میں کہا گیا شہری ادارے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کریں۔
ہدایت نامے میں کہا گیا کرونا وائرس وائرل انفیکشن ہے، جو متاثرہ شخص سےدوسرےکومنتقل ہو سکتاہے، غیرضروری باہر نکلنے،بھیڑ میں جانےسےگریز کیا جائے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا وفاقی دارالحکومت کے شہری دفاتر میں بائیومیٹرک حاضری پرپابندی عائد ہے، دروازوں کی چٹنی، ہینڈل، پن پر کرونا وائرس موجود ہوسکتاہے، کمپیوٹر کے ماؤس، کی بورڈ پر کرونا وائرس موجود ہو سکتا ہے، کمپیوٹر آپریٹر گلوز دوران ڈیوٹی گلوز کا استعمال کریں۔
ہدایت نامے کے مطابق سیڑھیوں کی ریلنگ، ڈورلاک کو ہاتھ لگانےسےگریز کریں، فلو، کھانسی کا شکار ملازمین ماسک کا استعمال کریں اور شہری دفاتر کے باتھ رومز میں ڈسپوزایبل تولیے رکھے جائیں اور ملازمین چار گھنٹے بعد صابن سے ہاتھ دھوئیں۔
مراسلے میں کہا گیا شہری اداروں کے ملازمین کے ہاتھ ملانےاور گلے ملنے پر پابندی عائد کردی ہے ، گلے ملنے، ہاتھ ملانے سے کرونا وائرس لاحق ہو سکتا ہے۔