لاہور : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کرپٹ نہیں صرف چار فیصد اشرافیہ کرپٹ ہے، ہیلتھ سسٹم پر توجہ ناگزیر ہے،20 فیصد پولیس اہلکار ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پاکستان اکیڈمی آف فیملی فیزیشنز کی جانب سے نجی ہوٹل میں انتیسویں سالانہ بین الاقوامی ڈاکٹرز کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق نے بھی خطاب کیا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملک میں صحت کے نظام پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، دو ملین سئے زائد لوگ گندا پانی پینے پر مجبور ہیں، اسی وجہ سے کروڑوں لوگ ہیپاٹائٹس جیسے خطرناک مرض کا شکار ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق 20 فیصد پولیس اہلکار بھی ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ دو کروڑ بیس لاکھ بچے اسکولوں میں جانے کی بجائے گھروں میں کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم کی اوّلین ترجیح تعلیم اورصحت ہے، نعیم الحق
بین الاقوامی ڈاکٹرز کانفرنس سے خطاب میں مشیر وزیراعظم نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج سے 25سال پہلے کینسر ہسپتال بنانے کا فیصلہ غریب عوام کے مفاد کیلئے کیا تھا۔
وزیر اعظم کی اوّلین ترجیح تعلیم اورصحت ہے، ہم تعلیم کے سسٹم کو تبدیل کرنے کیلئے پانچ سال کی نہیں بیس سال کی پلاننگ کر رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ڈاکٹرز کو شیلڈز دیں جبکہ پاکستان اکیڈمی آف فیملی فیزیشنز کی جانب سے بھی گورنر پنجاب کو شیلڈ پیش کی گئی۔