نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے انکشاف کیا کہ اسٹیٹ کرکٹ ٹیم میں سلیکشن کے لیے میرے والد سے پیسے مانگے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق سنیل چھتری کے ساتھ سوشل میڈیا کی ویب سائٹ انسٹا گرام لائیو میں ویرات کوہلی نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ ایک وقت میں اسٹیٹ کرکٹ ٹیم میں سلیکشن کے لیے میرے والد سے پیسے مانگے گئے تھے۔
بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ اسٹیٹ کرکٹ میں ایک بار کوئی آگے آیا اور میرے والد سے کہا کہ سلیکشن کا کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن اس کے لیے انہیں کچھ اور کرنا پڑے گا،یعنیٰ وہ رقم مانگ رہے تھے۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ ان کے والد محنت کر کے وکیل بنے اور محنت کرنے والوں کو یہ سب سمجھ نہیں آتا۔کوہلی کا کہنا تھا کہ ان کے والد نے کوچ کو صاف کہہ دیا کہ ان کا بیٹا خود ہی کچھ اپنے دم پر کرےگا، مگر اس طرح نہیں کھیلے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت میں بہت رویا لیکن والد نے کہا کہ وہ کرو جو کوئی نہیں کر رہا ہے اور میں یہ بات ہمیشہ گانٹھ باندھ کر رکھی۔ لائیو سیشن کے دوران سنیل چھتری کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ سچن ٹنڈولکر کا پیڈل اسکوپ چوری کرنا چاہتے ہیں۔
سنیل چھتری نے ویرات کوہلی سے سوال کہا کہ اگر آپ کو آخری گیند پر تین رنز درکار ہیں تو وقار یونیس اور شین وارن میں سے کس باؤلر کا انتخاب کریں گے جس پر انہوں نے وقار یونس کا نام لیتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میں ان کی گیند پر ہٹ مار دوں گا۔