ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

اخراجات میں کمی : سندھ میں سرکاری ملازمتوں پر پابندی عائد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سرکاری سطح پراخراجات کم کرنے کے اعلان کے بعد سندھ حکومت نے ملازمتوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام صوبائی محکموں کی خالی پوسٹیں ختم کردیں۔

اس حوالے سے پالیسی گائیڈ لائن جاری کردی گئی ہے، محکمہ خزانہ سندھ نے پالیسی گائیڈ لائن تمام سرکاری محکموں کو ارسال کردی ہے جس کے تحت سندھ کابینہ کے تمام ارکان سے50فیصد گاڑیاں واپس لی جائیں گی۔

گائیڈ لائن کے مطابق وزراء اور سرکاری افسران کے غیرملکی دوروں پر بھی پابندی ہوگی، وی آئی پیز کے سیکیورٹی اخراجات میں کمی ہوگی، اگر کسی محکمہ کو اضافی اخراجات کی ضرورت ہو گی تو وہ وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کرے گا۔

اس کے علاوہ عارضی ملازمین کی بھرتیوں پر بھی پابندی ہوگی، نئے فرنیچر، ایئرکنڈیشن ، ریفریجریٹر اورگاڑیوں کی خریداری سمیت سرکاری سطح پر لنچ اور ڈنر کرانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، مہمانوں اور اجلاسوں میں صرف چائے بسکٹ سے تواضع کرنا ہوگی۔

پالیسی گائیڈ لائن کے مطابق یوٹیلٹی بلوں میں 10 فیصد پیٹرول میں 40 فیصد کمی ہوگی، سرکاری افسران دورے کرنے کے بجائے آن لائن یا زوم پر اجلاس منعقد کریں گے، تمام محکموں میں عارضی ملازمین کی تعداد میں کمی کی جائے، تمام محکموں کو اخراجات کم کرنے کی پالیسی پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں