اسلام آباد: نوازشریف کی ریلی کے خلاف ہائی کورٹ میں دائر دوسری درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرلیا گیا، عدالت میں جمع کروائی گئی دونوں درخواستوں پر فیصلہ کل صبح 9 بجے سنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مسلم لیگ ن کی ریلی سے وفاقی دارالحکومت کا امن متاثر ہونے کا خدشہ ہے لہذا ن لیگ کو ریلی نکالنے سے فوری طور پر روکا جائے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد نوازشریف نے عدلیہ کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا اور اب وہ اسلام آباد سے لاہور ریلی کی صورت میں آنا چاہتے ہیں، مسلم لیگ ن کی ریلی سے شہریوں کے جان و مال کے خدشہ ہے۔
درخواست گزار نے وزارتِ داخلہ، سیکریٹری کابینہ ڈویژن، ڈی جی آئی بی، چیف کمشنر، مجسٹریٹ اسلام آباد، آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی ہے جس کی سماعت کل ہوگی تاہم پہلے سے دائر درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے مطابق دونوں درخواستوں پر فیصلہ کل صبح نو بجے سنایا جائے گا۔