کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء عامرخان کی بیرونِ ملک جانے کی درخواست منظور کرلی گئی، رینجرز نے عدالتی فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں جانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے رہنماء عامرخان انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نمبر 2 میں درخواست دائر کی تھی کہ انہیں بیرونِ ملک جانے کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عامرخان فریضۂ حج کی ادائیگی کے لئے ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔
عدالت نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے عامرخان کو 20 لاکھ روپے بطور زرِ ضمانت جمع کروا کربیرونِ ملک جانے کی اجازت دے دی۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق اگرعامرخان ایک ماہ کے عرصے میں واپس نہ آئے توان کا زر ضمانت ضبط کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب رینجرز کے وکلاء کا کہنا ہے کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔