تازہ ترین

9 مئی کے واقعات: عدالت نے بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش ہونے کا آخری موقع دے دیا

اسلام آباد : سیشن کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کردی ،جج محمد سہیل نے کہا شامل تفتیش ہونے کا آخری موقع دیا جارہا ہے ، اچھا نہیں لگتا کہ ضمانتیں خارج کردیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ میں ڈیوٹی جج محمد سہیل نے چیرمین تحریک انصاف اوربشریٰ بی بی کیخلاف نو مئی سے متعلق درج مقدمات کی سماعت کی۔

بشریٰ بی بی کمرہ عدالت پہچیں تو جج محمدسہیل نے ہدایت کی کہ بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں بٹھایا جائے، وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ توشہ خانہ کیس فیصلے کے بعد15منٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرلیاگیا تو جج محمد سہیل کا کہنا تھا کہ بس ٹھیک ہے یعنی چیئرمین پی ٹی آئی اٹک جیل میں ہیں۔

جج محمد سہیل نے استفسار کیا کہ آپ چاہتےہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتوں پر جج طاہرعباس سِپرا ہی سماعت کریں؟ کیا بشریٰ بی بی شامل تفتیش ہو چکی ہیں؟

جج محمد سہیل نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش ہونے کا آخری موقع دیاجارہاہے، تفتیشی افسر کو ہدایت کی جاتی ہے کہ بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش کریں، جس پر ، وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں ہی شامل تفتیش ہونے کو تیارہیں۔

جج نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر کدھر ہیں؟ آئی جی اسلام آباد کےنوٹس میں لائیں تفتیشی افسر عدالت میں نہیں، پراسیکیوٹرنے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اےٹی سی میں بھی درخواست ضمانتیں خارج ہو چکی اور احتساب عدالت میں بھی ضمانت خارج ہوئی۔

جج محمد سہیل نے نعیم پنجوتھا سے استفسار کیا کیا بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش ہونے کا نوٹس بھیجا؟ وکیل نعیم پنجوتھا نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کو واٹس ایپ پر نوٹس بھیجا تھا، جس پر جج کا کہنا تھا کہ دو ہفتے قبل نوٹس بھیجا، دو ہفتے تو کافی وقت ہوتاہے، بشریٰ بی بی شامل تفتیش ہو جائیں، اچھا نہیں لگتا ضمانتیں خارج کردی جائیں۔

عدالت نے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں بشریٰ بی بی کی ضمانت میں 7 ستمبر تک توسیع کردی، جج محمد سہیل نے کہا کہ بشریٰ بی بی نےیقین دہانی کرائی ہےکہ آج ہی شامل تفتیش ہوجائیں گی،بشریٰ بی بی غیرمعمولی حالات کے باعث اب تک شامل تفتیش نہیں ہو پائیں۔

وکیل سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی پردہ نشیں خاتون ہیں، تفتیشی افسر ابھی شامل تفتیش کرلیں، جس پر جج محمد سہیل کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر کے ساتھ رابطہ کرلیں، شامل تفتیش ہو جائیں۔

جج محمد سہیل نے وکیل سے استفسار کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی شامل تفتیش نہیں ہوئے، کیا جواب دیں گے؟ وکیل صفائی کےمطابق غیر معمولی حالات کے باعث وہ آج پیش نہیں ہو سکتے تو وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جان بوجھ پر آج عدالت میں غیرحاضر نہیں، عدالت ملزمان کو کمرہ عدالت میں طلب روزمرہ کی بنیاد پر کرتی ہے۔

وکیل سلمان صفدر نےچیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے کی استدعا کردی، جس پر عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پرفیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Comments

- Advertisement -