لاہور : مقامی عدالت نے طالبعلم بدفعلی کیس میں ملزم مفتی عزیز الرحمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین روز کی توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ رانا رشید علی خان نے طالبعلم بدفعلی کیس پر سماعت کی، تفتیشی آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عزیر الرحمان اور اس کے بیٹوں سے ابھی مزید تفتیش کرنا باقی ہے، ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع دی جائے۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ ویڈیو کی فرانزک رپورٹ بھی جلد جمع کرا دی جائے گی،ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرنا ہے ۔ مفتی عزیز الرحان کے تین بیٹے بھی مقدمہ میں ملزم ہیں،جن پر متاثرہ صابر شاہ کو ڈرانے دھمکانے کا الزام عائد ہے ۔
وکیل کا کہنا تھا کہ مفتی عزیز الرحمان پر مدرسہ کے طالب علم صابر شاہ سے بد فعلی کا الزام کا مقدمہ درج ہے،عدالت نے سرکاری وکیل اور پولیس کے دلائل سننے کے بعد ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین روز کی توسیع کردی۔