کراچی: سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر عدالت نے ان کی 10 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے وطن واپسی پر نیب کو حفیظ شیخ کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے، اور دس روز کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے حفیظ شیخ کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عبدالحفیظ شیخ نے احتساب عدالت میں پیش ہونا ہے، وہ دبئی میں رہائش پذیر ہیں، اور نیب سے مکمل تعاون کو تیار ہیں۔
واضح رہے کہ حفیظ شیخ کے خلاف کراچی کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا گیا ہے، ان پر قومی خزانے کو 11.25 ملین ڈالر نقصان پہنچانے کا الزام ہے، اور احتساب عدالت نے حفیظ شیخ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کو 18 اپریل 2020 کو وزیر اعظم نے مشیر برائے خزانہ مقرر کیا تھا، تاہم عدالتی فیصلے کے بعد حفیظ شیخ کو مشیر خزانہ سے وزیر خزانہ بنایا گیا، انھوں نے 10 دسمبر 2020 کو وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا، اور سینیٹ الیکشن میں شکست کے بعد 28 مارچ 2021 کو انھیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔