لاہور : جوڈیشل مجسٹریٹ نے مسجد وزیر خان میں رقص کرنے اورویڈیو بنانے کے کیس میں اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت میں مسجد وزیر خان میں رقص کرنے اورویڈیو بنانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، جوڈیشل مجسٹریٹ جویریہ منیر نےکیس پر سماعت کی۔
عدالت نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، دونوں ملزمان کے غیر حاضر ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
یاد رہے گذشتہ سال ستمبر میں سیشن کورٹ نے مسجد وزیر خان میں شوٹنگ کے کیس میں اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کی عبوری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا تھا کہ جزا اور سزا کا فیصلہ ٹرائل میں ہو گا۔
خیال رہے صباء قمر اور بلال سعید کے خلاف مسجد وزیر خان میں شوٹنگ پر تھانہ اکبری گیٹ پولیس نے مقدمہ درج کیا گیا تھا، بعد ازاں صبا قمر اور بلال سعید نے ضمانت کے لیے لاہور کی عدالت سے رجوع کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستانی گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر نے اپنے آنے والے گانے ‘قبول ہے’ کی شوٹنگ کے دوران چند تصاویر اور ویڈیو شیئر کیں تھی جو کہ مسجد وزیر خان کے اندر شوٹ کیا گیا تھا، جس کے بعد مسجد کا تقدس پامال کرنے پر طوفان برپا ہے، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا تھا۔