لاہور : شریف خاندان منی لانڈرنگ ریفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کو مفرور قرار دینے کیلئے اشتہارات چسپاں کر دیئے گئے، جس میں کہا گیا کہ ملزم سلمان شہباز کو 13 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہو کر اپنے دفاع کا ایک اور موقع دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شریف خاندان منی لانڈرنگ ریفرنس میں احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے سلمان شہباز کو مفرور قرار دینے کیلئے اشتہار جاری کردیا۔
عدالتی اشتہار میں کہا گیا کہ ملزم سلمان شہباز ٹرائل کا سامنا کرنے کیلئے جان بوجھ کر روپوش ہے، ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت ملزم سلمان شہباز کے اشتہار جاری کئے گئے ہیں۔
اشتہارمیں کہا گیا ہے کہ ملزم سلمان شہباز کو 13 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہو کر اپنے دفاع کا ایک اور موقع دیا جا رہا ہے، ملزم سلمان شہباز کی پاکستان اور بیرون ملک رہائش گاہ پر اشتہارات چسپاں کئے جائیں۔
عدالتی اشتہار میں ہدایت کی گئی ہے کہ ڈی جی نیب آئندہ سماعت پر ملزم سلمان شہباز کو مفرور قرار دینے کیلئے اشتہارات کی عملدرآمد رپورٹ جمع کروائیں۔
جس کے بعد سلمان شہباز کو مفرور قرار دینے کے اشتہارات عدالتی احاطے اور ملزم کی پاکستان و بیرون ملک رہائشگاہوں پر چسپاں کئے گئے۔
خیال رہے نیب نے سلمان شہباز سمیت دیگر ملزموں کیخلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس احتساب عدالت میں پیش کر رکھا ہے۔