اسلام آباد : سینئر وکیل انعام الرحیم نے فوج میں فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا کہ فیض حمید کے خلاف ثبوت اور گواہان ایک درجن سے زائد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینئر وکیل انعام الرحیم نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں فیض حمید کو چارج شیٹ کئے جانے پر فوج میں کورٹ مارشل کے طریقہ کار کے حوالے سے بتایا کہ ملٹری کورٹ بھی عام عدالتوں کی طرح ہوتی ہے، فوج میں جب کسی کے خلاف شکایت آتی ہے تو کمانڈنگ افسر انکوائری کرتے ہیں۔
انعام الرحیم نے کہا کہ انکوائری کی سفارش میں کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کی جاتی ہے، گواہ ملزم کی موجودگی میں بیان ریکارڈ کراتے ہیں اور ثبوتوں کی سمری کی بنیاد پر ملزم کو چارج شیٹ کیا جاتا ہے ساتھ کوشش کی جاتی ہےکہ ٹرائل کرنے والا افسر ملزم سے زیادہ سینئر ہو۔
سینئر وکیل نے مزید بتایا کہ کورٹ مارشل کیلئے ملٹری کورٹ بینچ میں 3 جج اور ایک لیگل ایڈوائزرہوتا ہے ، فارمیشن کمانڈرز کورٹ مارشل کے لیے بینچ بناتے ہیں، ملزم کو پیش کرکے چارج شیٹ پڑھ کر سنائی جاتی ہے، ملزم کوچارج شیٹ پڑھاکرجواب دینےکےلیے24گھنٹےکا وقت دیاجاتاہے اور 24 گھنٹے بعد جب ٹرائل شروع ہو توملزم کو کونسل سے رجوع کرنے کاحق ہوتا ہے۔
فیض حمید کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فیض حمید کے خلاف ثبوت اور گواہان ایک درجن سے زائد ہیں، چارج شیٹ کےبعد بھی نتیجہ آنے تک زیادہ سے زیادہ 3 ماہ لگتےہیں اور جرم ثابت ہو جائے توجج سزا لکھ کر متعلقہ اتھارٹی کو بھیج دیتے ہیں جس کے بعد متعلقہ اتھارٹی ثبوت اور سزا دیکھ کر کارروائی کو کنفرم کرے گی۔
انھوں نے ماضی میں دی جانے والی سزاؤں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی ایک بریگیڈیئر رضوان کوسیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پرسزائےموت دی گئی ، لیفٹیننٹ جنرل جاوید کاٹرائل ہوا،انہیں 14سال کی سزادی گئی جبکہ 2سویلینز کوبھی سیکرٹ ایکٹ کےتحت ٹرائل میں سزائے موت دی گئی۔
سینئر وکیل کا مزید بتانا تھا کہ غلط معلومات پھیلا کر حکومت کو عدم استحکام کاشکارکرنے پر بھی سزائے موت ہوسکتی ہے، سیکرٹ ایکٹ کے تحت کم سے کم سزا 10سے14سال کے درمیان ہوتی ہے،اگر کسی افسر کو سزا ہوتو اسے آرمی چیف ہی کنفرم کرتے ہیں اور آرمی چیف کےپاس اختیارہیں کہ کسی بھی اسٹیج پرسزا کم یاختم کرسکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ملٹری کورٹ سے سزا ہو تومجرم کو جیل بھیج دیاجاتا ہے اوروہاں اپیل کا حق ہوتاہے ، جیل میں مجرم 40دنوں کےاندر اندر آرمی کورٹ آف اپیل میں درخواست دی جاسکتی ہے۔