تازہ ترین

عدالت نے کراچی میں 16 مارچ کا ضمنی الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں 16 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق آج منگل کو پاکستان تحریک انصاف کراچی کے مستعفی ایم این ایز کے استعفوں کی منظوری کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس نے وکیل پی ٹی آئی سے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے سپریم کورٹ کی سماعت سے متعلق استفسار کیا، تو وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ میں تو یہ معاملہ پیش ہوا ہے لیکن لاہور ہائی کورٹ کا آرڈر موجود ہے۔

وکیل نے کہا کہ اگر استعفیٰ منظور کرنے سے پہلے کہہ دیا جائے تو اسپیکر کے پاس اختیار نہیں ہے کہ استعفیٰ منظور کرے، انھیں غلط طور پر ڈی نوٹیفائی کیا گیا ہے، قانونی طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا۔

شہاب امام ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی منظوری کا پروسیس قانون کے مطابق پورا نہیں کیا، استعفیٰ دینے والے ارکان سے ان کے استعفوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔

وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بھی اس فیصلے کی روشنی میں ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کر دیا، اس لیے عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ استعفوں کی منظوری کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ درخواستیں دائر کرنے والوں میں ایم این اے علی زیدی، آفتاب جہانگیر، فہیم خان، عطاء اللہ ایڈووکیٹ، سید الرحمان محسود، آفتاب صدیقی، اسلم خان، نجیب ہارون اور عالمگیر خان شامل تھے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے، اور سولہ مارچ کو ضمنی الیکشن روکنے کی پی ٹی آئی اراکین کی درخواست مسترد کر دی۔

Comments

- Advertisement -