سندھ ہائی کورٹ نے شہر قائد سے تمام سیاسی بینرز ہٹانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ندیم اختر نے کراچی شہر بھر سے تمام سیاسی بینرز ہٹانے کا حکم دیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سائن بورڈ سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے کراچی شہر بھر سے تمام سائن بورڈ، پینا فلیکس، ہورڈنگز اور سیاسی بینرز کو 31 جنوری تک ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔
جسٹس ندیم اختر نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ اگر بل بورڈز، ہورڈنگز کسی امیدوار کی جانب سے ہو تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور متعلقہ کنٹونمنٹ بورڈ یا ٹاؤن ان کے خلاف کارروائی کریں۔
عدالت نے مزید کہا کہ اگر متعلقہ افسران لیت ولعل سے کام لیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے جب کہ پولیس حکام ملے ہوں تو ان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن اور شہری انتظامیہ تصاویر آویزاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔
اس موقع پر عدالت کا کے ایم سی اور کنٹونمنٹس بورڈز کے وکلا سے مکالمہ ہوا۔ جسٹس ندیم اختر نے کہا کہ شہر میں آنے والوں کو کیا بتانا چاہتے ہیں کہ یہ مہذب لوگوں کا شہر ہے یا جنگل؟ اپنی ذمے داری پوری کریں اور اس شہر کو جنگل مت بنائیں۔
اس موقع پر کنٹونمنٹ بورڈ کے وکلا نے کہا کہ کارروائیاں کر رہے ہیں تاہم کچھ مشکلات سامنے آ رہی ہیں جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ جو رکاوٹیں آ رہی ہیں ہمیں اس بارے میں بتائیں یا پھر 31 جنوری تک کارروائی کرتے تفصیلی رپورٹ پیش کریں کہ کتنے سائن بورڈ ہٹائے اور کتنے ذمے داروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئیں۔