کراچی : مقامی عدالت نے کوروناویکسین نہ لگانے پر گرفتار تینوں شہریوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا، پولیس نے ایس اوپیزکی خلاف ورزی کےتحت مقدمہ درج کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی میں کوروناویکسین نہ لگانے پرگرفتاری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، پولیس نے3گرفتارشہریوں کوعدالت میں پیش کیا۔
عدالت نےضابطہ فوجداری کی دفعہ63کےتحت مقدمہ خارج کرتے ہوئے تینوں شہریوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا، پولیس نے ایس اوپیزکی خلاف ورزی کےتحت مقدمہ درج کیا تھا۔
گذشتہ روز سہراب گوٹھ پولیس نے دو شہریوں کو ویکسی نیشن کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار کیا جبکہ شہر بھر سے 38 شہریوں کو بھی خلاف ورزی کے نام پر گرفتار کیا گیا تھا۔
شہریوں کی گرفتاری پر سیاسی جماعتوں نے پولیس کے اس عمل کی مذمت کی اور ایسے اقدامات نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب منہاس نے پولیس کو راہ چلتےشہریوں کی گرفتاری سے روک دیا تھا اور ہدایت کی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتاری کے احکامات ریسٹورنٹ، ہوٹل، شادی ہالز اور نجی اجتماعات کے حوالے سے تھا۔