لاہور : رواں سال CSS کا امتحان دینے والے طلبا کے لئے اہم خبر آگئی ، عدالت نے کہا ہے کہ کسی کی خواہش پر پورے ملک میں امتحانات نہیں روک سکتے۔
تفصیلات کے مطاق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے شہری حمزہ عارف ودیگر کی سی ایس ایس 2025 کے امتحانات روکنے کی درخواست پر سماعت کی۔
چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جواب جمع کرایا ، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ 23 فروری تک سی ایس ایس کا امتحان ہے، تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
درخواست گزار نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن نے 2024 کے نتائج کااعلان نہیں کیا، نتائج کا اعلان کیے بغیر نیا امتحان درخواست گزاروں کیساتھ ناانصافی ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی عدالت 2024 کے نتائج کے اعلان تک نئے امتحانات روکنے کا حکم دے۔
عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد سی ایس ایس 2025 کے امتحانات روکنے کی درخواست خارج کردی اور کہا کسی کی خواہش پر پورے ملک میں امتحانات نہیں روک سکتے۔