لاہور: سیشن عدالت نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف سوشل میڈیا ٹرینڈ چلانے کے الزام میں گرفتار ملزم کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف سوشل میڈیا ٹرینڈچلانے کے الزام میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
ایف آئی اے کے وکیل نے دلائل دیے کہ ملزم نے ملک کے وزیراعظم کے کردار کو اچھالا اور وزیراعظم کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی لہذا عدالت ملزم کی ضمانت خارج کرنے کا حکم دے۔
دوسری جانب ملزم کے وکیل فرہاد علی شاہ نے دلائل میں کہا کہ سوشل میڈیا اور ٹویٹر اکاونٹ کی پوسٹنگ کے حوالے سے مقدمہ درج کیا گیا، ملزم کسی بھی ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث نہیں ،عدالت ضمانت منظور کرے۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
یاد رہے 14 فروری کو ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے وزیراعظم کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے ملزم سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صابر ہاشمی کو گرفتار کیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم صابر ہاشمی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے موبائل فون اور ڈیجیٹل میڈیا تحویل میں لے لیا گیا اور مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کردیا گیا تھا۔