لاہور : احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بڑا ریلیف مل گیا۔
احتساب عدالت کے جج ساجد اعوان نے شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی اور شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیا۔
عدالت نے نیب ترمیمی ایکٹ کی بنیاد پر ریفرنس نیب کو واپس بھجوایا اور کہا نیب ترمیمی ایکٹ کے بعد رمضان شوگر احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
اس سے قبل آشیانہ ریفرنس اور منی لانڈرنگ ریفرنس میں لاہور کی احتساب عدالت نے سماعتیں ملتوی کر دیں اور شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر دلائل طلب کرلیے اور آشیانہ ریفرنس کی سماعت 23 ستمبر تک جبکہ منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کردی۔