ریاض: سعودی عرب میں عالمی کورونا وبا پر قابو پانے کے حوالے سے مثبت خبروں کا سلسلہ جاری ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مملکت میں یومیہ کیسز کی تعداد 100 سے کم برقرار ہے، گزشتہ روز بھی 24 گھنٹوں کے دوران صرف 57 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔
سعودی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مسلسل 13 دن کے دوران سعودی عرب میں روزانہ کی بنیاد پر سو سے کم کورونا کیسز منظر عام پر آئے جبکہ لگاتار 5 ہفتے ایسے گزرے کہ اس دوران یومیہ 500 سے زائد کیسز رپورٹ ہی نہیں ہوئے۔ اب صورت حال یہ ہے کہ 100 سے بھی کم مریض رپورٹ ہورہے ہیں۔
محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ روز مملکت میں 5 کورونا مریضوں کی اموات ہوئیں۔
سعودی عرب میں کورونا کے نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وبا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 792 ہوگئی اب تک 8684 مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔
گزشتہ روز 72 مریضوں نے وبا کو شکست دی جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 35 ہزار 783 ہوگئی۔ سعودی دارالحکومت ریاض سے نئے کیسز 19 رپورٹ ہوئے۔
سعودی عرب میں فعال کیسز کی تعداد 2325 رہ گئی جن میں سے 279 کی حالت تشویش ناک ہے۔