تازہ ترین

کرونا وائرس سے صحت یاب خاتون کے ہاتھ کی انگلیاں کاٹ دی گئیں

کرونا وائرس کے دیرپا اور طویل المدتی نقصانات کی فہرست طویل ہے اور اب حال ہی میں ایک خاتون کی کیفیت نے ماہرین کو پریشان کردیا۔

اٹلی کی رہائشی 86 سالہ خاتون کچھ عرصہ قبل کرونا وائرس سے صحت یاب ہوئی تھیں تاہم اس وائرس کی وجہ سے وہ گینگرین کا شکار ہوگئیں جس میں ان کے ہاتھ کی 3 انگلیوں تک خون کی رسائی رک گئی جس کے بعد ڈاکٹرز نے ان انگلیوں کو کاٹ دیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے ان کی خون کی نالیوں کو سخت نقصان پہنچا جس کا نتیجہ گینگرین کی شکل میں نکلا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کرونا وائرس کی وجہ سے ہونے والا بدترین طبی نقصان ہے۔

مذکورہ خاتون کچھ عرصہ قبل کرونا وائرس کا شکار ہوئی تھیں تو ان میں بخار یا کھانسی سمیت کوئی عام علامات نہیں دیکھی گئیں، تاہم ڈاکٹرز نے دیکھا کہ ان کے جسم میں گردش خون کی رفتار سست ہوگئی ہے جس سے خون میں لوتھڑے بننے کا خدشہ ہے، چنانچہ انہیں خون پتلا کرنے والی دوائیں دی گئیں۔

صحت یابی کے کچھ عرصے بعد خاتون کے دائیں ہاتھ کی 3 انگلیاں سیاہ پڑنے لگیں، جب وہ ڈاکٹرز کے پاس گئیں تو پتہ چلا کہ ان کے ہاتھ کی خون کی نالیوں میں لوتھڑے بن گئے تھے جس کی وجہ مذکورہ انگلیوں تک خون لانے والی باریک نسوں تک خون کی رسائی بند ہوگئی تھی۔

ڈاکٹرز کو خاتون کی تینوں انگلیاں کاٹنی پڑیں، بعد ازاں ڈاکٹرز نے کٹی ہوئی انگلیوں کے مردہ ٹشوز کا جائزہ لیا تو انہوں نے خون کی نالیوں میں رکاوٹ بھی دیکھی۔

یہ پہلا واقعہ نہیں جس میں کرونا وائرس کے مریضوں میں خون کے لوتھڑے بننے کا انکشاف ہوا ہو، گزشتہ برس فروری میں ایک 54 سالہ امریکی شخص بھی اسی تکلیف کا شکار ہوا جس کے بعد اس کے ہاتھ کی 2 انگلیاں کاٹ دی گئی تھیں۔

کرونا وائرس نے اس شخص کے مسلز اور ٹشوز کو سخت نقصان پہنچایا تھا۔

ماہرین اس سے قبل یہ متنبہ کرچکے ہیں کہ کرونا وائرس خون کی نالیوں میں رکاوٹ اور خون کے لوتھڑے پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے، اس کی وجہ ممکنہ طور پر یہ ہوسکتی ہے کہ وائرس کی وجہ سے قوت مدافعت اوور ری ایکشن کرتی ہے جس سے جسم کے صحت مند ٹشوز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

علاوہ ازیں خون کی نالیوں سے خون بھی رس سکتا ہے جس سے بلڈ پریشر گرنے کا خطرہ رہتا ہے۔

لندن میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق مئی 2020 میں کرونا وائرس کے 30 فیصد مریضوں میں خون کے لوتھڑوں کی نشونما دیکھی گئی جنہیں فور طور پر دواؤں سے کنٹرول کیا گیا، ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے مریضوں میں خون میں لوتھڑے بننے کی شرح بڑھ رہی ہے۔

Comments

- Advertisement -