اسلام آباد : پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کے لیے 50 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا، 1166سے کوڈ حاصل کرنے کے بعد ویکسین لگوائی جاسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 50 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن کاعمل شروع ہوگیا ہے، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈبل ون ڈبل سکس پر رجسٹریشن لازمی ہوگی، ڈبل ون ڈبل سکس سے کوڈ حاصل کرنے کے بعد کسی سینٹر پر ویکسین لگوائی جا سکتی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ڈبل ون ڈبل سکس پر کوڈ موصول ہونے کے بعد متعلقہ فرد کو مطلوبہ سینٹر کی آگاہی بھی فراہم کی جاتی ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے صوبوں کوکورونا ویکسین کی چارلاکھ باون ہزار ڈوز کی نئی کھیپ فراہم کردی،ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبوں کو سائینو فارم اور کین سائینو ویکسین فراہم کی گئی ہے۔
یاد رہے وفاقی وزیر اسدعمر نے کورونا ویکسینیشن کے اگلے مرحلے میں 30 مارچ سے 50 سال سے زائد عمر افراد کی رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 60سال اورزائد عمر کےافراد کیلئے رجسٹریشن پہلے سے جاری ہے ، رجسٹریشن کرانے والے 50سال سے زائد افراد کی حوصلہ افزائی کریں۔
یال رہے ملک بھر میں ساٹھ سال سے زائد عمر کے شہریوں کو کورونا ویکسینیشن لگانے کا سلسلہ جاری ہے، اس ساتھ ہی کوروناکی تیسری لہرخطرناک ہونے لگی ہے کیونکہ مثبت کیسزکی یومیہ شرح بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔