امریکا میں ایک کھیت میں چھپے مشکوک شخص کو گائیوں نے گرفتار کروا دیا، پولیس گائیوں کی عقلمندی پر حیران رہ گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست نارتھ کیرولینا کے ایک چھوٹے سے قصبے بون میں پیش آیا۔ ایک مشکوک شخص ٹریفک سگنل توڑ کر تیزی سے فرار ہوا اور نواحی علاقے کے کھیتوں میں جا چھپا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ مشکوک شخص اتنی تیز رفتاری سے اپنی گاڑی دوڑاتا ہوا نکلا کہ پولیس اس کا پیچھا نہ کرسکی، اس کے بعد وہ گاڑی ایک جگہ چھوڑ کر کھیتوں میں چھپ گیا۔
جب پولیس مذکورہ مقام پر پہنچی تو انہوں نے دیکھا کہ کھیت میں گھاس چرتی گائیوں کا رویہ غیر معمولی تھا۔
پولیس کے مطابق گائیوں کے انداز میں بے چینی تھی اور وہ بار بار اس جگہ دیکھ رہی تھیں جہاں مشکوک شخص چھپا ہوا تھا، پولیس نے پیش قدمی کی تو وہ نہایت دوستانہ انداز میں پولیس کو باقاعدہ اس جگہ تک ساتھ لے گئیں۔
پولیس نے 34 سالہ مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے اپنی فیس بک پوسٹ میں مزاحیہ انداز میں ان گائیوں کو بھی پولیس ڈپارٹمنٹ میں بھرتی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔