اتوار, مارچ 16, 2025
اشتہار

پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت میں اضافہ کرے گی: کیمرون منٹر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان میں امریکہ کے سابق سفیر کیمرون منٹر کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے میں پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت میں اضافہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آج بروز ہفتہ پاکستان میں امریکہ کے سابق سفیر کیمرون منٹر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا معاشی مستقبل روش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بڑی مارکیٹ ہے اور یہاں کے عوام ہنرمند ہیں، اگراچھی حکومتیں آئیں تو عالمی دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع نظراندازنہیں کرے گی۔

کیمرون منٹر نے خطے میں دہشت گردی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں یہاں معاشی ترقی اور اکانومک راہداری کے معاملات پر بات کرنے آیا ہوں دہشت گردی کے خلاف جنگ پر بات نہیں کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ پاکستان کی معاشی میدان میں ترقی کا خواہاں ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نےکہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ چین پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کررہا ہے جس سے پاکستان بہت تیزی سے آگے بڑھے گا اور خطے میں پاکستان کی اہمیت میں اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے جوکہ نا صرف پاکستان کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا بلکہ خطے کے دیگر ممالک بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ آٰیا چین صرف پاکستان میں سرمایہ کاری میں زیادہ دلچسپی رکھتا ہے یا وہ بھارت اور افغانستان کو بھی یکساں مواقع فراہم کرے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر ایک دیرینہ مسئلہ جس کے حل کے لئے دونوں ممالک کو سنجیدہ مذاکرات کرنے چاہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں