اسلام آباد: مسلم لیگ (قائد اعظم) کے رہنما چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ سی پیک منصوبہ چین اور نواز لیگ نہیں بلکہ چین اور پاکستان کے درمیان ہے،حکومت کے خاتمے سے منصوبہ کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی اسلام آباد میں تاجروں کے ایک وفد سے ملاقات کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ چین اورپاکستان کےدرمیان ہے اور اس منصوبے کی محافظ پاک فوج اور عوام ہیں،اس منصوبے کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ جیسے سی پیک منصوبہ چین اور ن لیگ کے درمیان ہے اور نواز لیگ کی حکومت کے جانے سے یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑ جائے گا حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ن لیگ کےجانےسے سی پیک منصوبہ شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچےگا۔
انہوں نے کہا کہ دراصل خطرہ سی پیک منصوبے کو نہیں نواز لیگ کی حکومت کو ہے اور اپنی حکومت کو بچانے کے لیے سی پیک منصوبے کی آڑ لے رہے ہیں اور ایسا ظاہر کر رہے ہیں کہ جیسے سی پیک منصوبہ نواز لیگ کی حکومت کے ساتھ ہی ختم ہو جائے گا۔
واضح رہے مسلم لیگ قائد اعظم نے دونومبر کے دھرنے کے لیے عمران خان کو حمایت کا اعلان کیا ہے اور (ق) لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد کے ہمراہ شرکت کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔