کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سی پیک صرف لاہور میں نظر آتا ہے بلوچستان میں نہیں، شریف خاندان صرف تخت رائیونڈ بچانے میں لگے رہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں ہولوگرام کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ماضی میں بلوچستان کی صورت حال بدترین تھی، سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے امن آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے بلوچستان کے لیے کچھ نہیں کیا، سارے منصوبے پنجاب میں لگائے گئے، بلوچستان میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا، نواز شریف اپنی حکومت بچانے میں لگے رہے۔
سربراہ پی پی کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو اور بی بی نے روزگار کے لیے انقلابی اقدامات اٹھائے لیکن ن لیگی حکومت نے 5 سال میں بلوچستان کے مسائل حل نہیں کیے۔
رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھوں گا، بلاول بھٹو زرداری
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اپنی انتخابی مہم تیز کردی ہے اور وہ سندھ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔
قبل ازیں ملتان میں مختلف مقامات پر انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ میرے استقبال کیلئے آنے والے کارکنان کو روکا جارہا ہے، پشاور میں بھی جلسے کی اجازت دی پھر منع کردیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اوچ شریف کے بعد ملتان میں بھی رکاوٹ ڈالی گئی، پارٹی سربراہ کی حیثیت سےانتخابی مہم چلانا میرا آئینی حق ہے، جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالیں کراچی سے شروع ہونے والاسفرخیبر تک جاری رہے گا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔