کراچی : سی پی ایل سی کی رپورٹ نے شہر قائد میں ہونے والی دہشت گردی اور لوٹ مار کی وارداتوں سے متعلق دعوے غلط ثابت کردیئے، رواں سال مختلف واقعات میں 300سے زائد شہری جاں بحق ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس لیاژان کمیٹی (سی پی ایل سی) نے سال 2018 کے اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں، جس کے مطابق’’سب اچھا ہے‘‘ کے دعوے کی حقیقت بےنقاب ہوگئی۔
رپورٹ میں گزشتہ روز پی ایس پی دفتر پر ہونے والی دہشت گردی کے واقعے سے متعلق بھی تمام دعوؤں کی قلعی کھول دی گئی، سی پی ایل سی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری سے دسمبر تک مختلف پرتشدد واقعات میں300سے زائد شہری جاں بحق ہوئے۔
سال2018میں کراچی کے شہریوں سے اربوں روپے لوٹے گئے، یکم جنوری سے20دسمبر تک34ہزار188شہری موبائل فونز سے محروم ہوئے، فی کس دس ہزار کے حساب سے34کروڑ18لاکھ سے زائد کے موبائل فونز لوٹے گئے۔
بیس دسمبر تک26ہزار972شہریوں کی موٹرسائیکلیں چھینی یا چوری ہوئیں، فی کس15ہزار سے40کروڑ45لاکھ سے زائد کی موٹر سائیکلیں چھینی یا چوری ہوئیں،20دسمبر تک1319شہری اپنی کاروں سے محروم ہوئے۔
سی پی ایل سی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فی کس5لاکھ سے66کروڑ سے زائد رقم کی گاڑیاں چھینی یا چوری ہوئیں، جنوری سے نومبر کے اختتام تک اغواء برائے تاوان کی8وارداتیں ہوئیں، بھتہ خوری کے53اور بینک ڈکیتی کی3وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔