لاہور: پولیس کی جانب سے گداگری ایکٹ کی خلاف ورزی پر لاہور میں کریک ڈاﺅن جاری ہے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 42 بھکاری گرفتار کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں گداگری ایکٹ کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری ہے، پولیس نے گزشتہ روز بھکاری مافیا کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف مقامات سے 42 گداگروں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بھکاریوں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں 42 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق صدر ڈویژن سے 16، سٹی سے 06، اقبال ٹاؤن سے 02، کینٹ سے 06، سول لائنز سے 01 جب کہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے 11 گداگروں کو گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: چابی گم ہونے پر پولیس کو ہتھکڑی کھلوانے کے لیے ملزم کو لاک ماسٹر کے پاس لے جانا پڑا
مقدمات تھانہ رنگ محل، لوہاری گیٹ، داتا دربار، لاری اڈہ، شمالی چھاؤنی، ہیئر، قلعہ گجر سنگھ، وحدت کالونی، گلشنِ راوی میں درج کیے گئے۔
دیگر تھانوں میں تھانہ سبزہ زار، چوہنگ، مانگا منڈی، سندر، ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، تھانہ اچھرہ، غالب مارکیٹ ،گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن اور تھانہ نشتر کالونی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور میں بھکاریوں کی بڑھتی تعداد ماضی میں بھی ایک مسئلہ رہا ہے، جس کے تدارک کے لیے انتظامیہ متعدد بار کارروائی کر چکی ہے تاہم خاطرِ خواہ نتائج بر آمد نہیں ہوئے۔
بھکاریوں میں خواتین کی بہت بڑی تعداد بھی شامل ہے، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ خواتین بچوں کے اغوا میں بھی ملوث رہی ہیں۔