واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر تیزی سے عمل درآمد کرتے ہوئے امریکا میں دستاویزات نہ رکھنے والے تارکین وطن کے خلاف چھ ریاستوں میں کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق امریکہ میں امیگریشن حکام نے 6 ریاستوں میں دستا ویزات نہ رکھنے والے تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا اور کاروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
تارکین وطن کو ایٹلانٹا، شکاگو، نیویارک،لاس اینجلس، شمالی کیرولائنا اور جنوبی کیرولائنا میں چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا ہے، گرفتارہونے والے افراد میں وہ افراد بھی شامل ہیں جن کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ مو جود نہیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے دستاویزات نہ رکھنے والےتیس لاکھ تارکین وطن کو امریکا سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: امریکی صدر کے تارکین وطن اور 7 مسلم ممالک کے داخلے پر پابندی کے حکم نامہ پر دستخط
واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے تارکین وطن اور 7مسلم ممالک کے شہریوں کی امریکہ میں داخلے پر پابندی کے حکم نامہ جاری کیا تھا، جس پر ڈونلڈٹرمپ نے اظہار خیال کیا کہ ایگزیکٹو آرڈر کا مقصد شدت پسندوں کو امریکا سے دور رکھنا ہے ۔
مزید پڑھیں: امریکی ایئرپورٹ پر متعدد پناہ گزین آتے ہی زیرحراست
بعدازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کرتے ہی انتظامیہ نے پُھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایئر پورٹ پر ہی متعدد پناہ گزینوں کو حراست میں لے لیا گیا تھا، انسانی حقوق کی تنظیموں نے نیویارک کی عدالت میں ان پناہ گزینوں کو رہا کرنے کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا، جنہیں جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ پر حراست میں لے لیا گیا تھا۔