کراچی : ضلع وسطی کی پولیس اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے گزشتہ روز پورشن مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد کاروائیاں کیں۔
مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے پورشن کی آڑ میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والے 19 ملزمان کے خلاف 3 مقدمات درج جبکہ 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین آباد حسن بخشی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ان کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے کی کارروائیاں قابل تعریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر کی گرفتاریاں لائق تحسین ہیں، انتظامیہ سے استدعا ہے کہ ان کارروائیوں کو محض ضلع وسطی تک ہی محدود نہ کیا جائے۔
حسن بخشی کا کہنا تھا کہ پورے شہر میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔ ایسے اقدامات سے عوام کا حکومت پر اعتماد بحال ہوگا۔