سیاسی و مذہبی جماعتوں کے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے باوجود سال 2024 میں راولپنڈی پولیس نے کرکٹ کے 4 میگا ایونٹس کو ہائی پروفائل سیکیورٹی فراہم کی۔
دو ہزار چوبیس میں سیاسی عدم استحکام کے باوجود راولپنڈی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی درخواست پر پنجاب پولیس کی جانب سے سیکیورٹی میں بھرپور تعاون فراہم کیا گیا، اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل سمیت چار عالمی ٹیموں کو ہائی پروفائل سیکیورٹی دی گئی۔
2024 میں پی ایس ایل کے گروپ میچز اور پلے آف میچ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بھرپور سیکیورٹی فراہم کی گئی، اگست میں بنگلادیش ٹیم کی آمد اور اکتوبر میں انگلش کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔
سی پی او راولپنڈی خالد محمود حمدانی کے مطابق 2024 میں سری لنکا کی اے ٹیم نے پاکستان دورہ کیا، پنڈی اسٹیڈیم میں سری لنکن ٹیم کے لیے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے، راولپنڈی پولیس نے رواں سال فروری میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کرنے والی 6 ملکوں کی ٹیموں اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی سیکیورٹی انتظامات کی تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔
خالد محمود حمدانی کا کہنا تھا کہ سیاسی مذہبی جماعتوں کے دھرنوں، احتجاجی مظاہروں کے دوران اور شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے کامیاب انعقاد میں راولپنڈی پولیس نے اہم کر دار ادا کیا۔