اسلام آباد: آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے انگلینڈ روانگی سے قبل آج قومی کرکٹ ٹیم نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم اور انتظامیہ نے بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی پی سی بی حکام نے وزیراعظم کو ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں دلیری کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب کپتان دلیری کے ساتھ کھیلے گا تو ٹیم بھی دلیری کے ساتھ کھیلے گی۔
انہوں نے کہا کہ 1992 کے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کمزور ہونے کے باوجود جذبے کے ساتھ کھیلی اور ٹائٹل اپنے نام کیا۔
وزیراعظم نے جنید خان، فہیم اشرف اور حسن علی سمیت باؤلرز کو کارکردگی بہتربنانے کے لیے مفید مشورے بھی دیے۔
قومی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو لندن کے لیے روانہ ہوں گی جہاں وہ ورلڈ کپ کے بڑے ایونٹ سے قبل انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلے گی۔
ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف سلیکٹر انضمام الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے پاکستان کے لیے 5 ورلڈکپ کھیلے جن میں سے ایک ورلڈکپ جیتا بھی ہے، میں نے جیت کا مزہ بھی چکھا ہے اور ہار بھی دیکھی ہے۔
انضمام الحق نے ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ محمد عامر اور آصف علی کو اضافی کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔