لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر عابد علی نے کہا ہے کہ کوشش کروں گا کہ تیسری سنچری اسکور کرکے اظہر الدین کا ریکارڈ برابر کروں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر عابد علی نے پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 2 ہفتے سے کیمپ جاری ہے، مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتروں گا۔
عابد علی نے کہا کہ میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے اور ہر فارمیٹ میں کھیلنے کو تیار ہوں، اپنے پلان کے مطابق کرکٹ کھیلوں گا، کبھی مایوس نہیں ہوا اسی وجہ سے بہترین پرفارم کیا۔
ٹیسٹ اوپنر کا کہنا تھا کہ ون ڈے سیریز کی طرح ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
مزید پڑھیں: عابد علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اورریکارڈ بنادیا
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 ٹیست میچز کی سیریز کا پہلا میچ 7 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، ٹیسٹ میچز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔
ٹیسٹ سیریز میں فواد عالم کو موقع دئیے جانے کا قوی امکان ہے، فواد عالم ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارم کرکے قومی ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ میں شامل ہوئے تھے۔