کرکٹ کے جنون میں ایک نوجوان کھلاڑی نے ٹیم میں منتخب ہونے کے بعد اپنے طے شدہ شادی کو ہی منسوخ کر دیا اور میچ کھیلنے میدان چل پڑا۔
لڑکے شادی کے خواب دیکھتے ہیں لیکن ایک نوجوان کرکٹر نے ٹیم میں منتخب ہونے پر اپنی طے شدہ شادی کو منسوخ کر دیا اور بارات لے جانے کے بجائے میچ کھیلنے کے لیے میدان کا رخ کر لیا۔
ہم بات کر رہے ہیں بھارت کے رجت پاٹیدار کی جس کو آئی پی ایل سیزن 2025 کے لیے رائل چیلنجرز بنگلورو نے ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رجت پاٹیدار 2021 سے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کا حصہ ہیں اور انہوں نے اسی ٹیم کے ذریعے کے انڈین پریمیئر لیگ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا۔
تاہم ڈیبیو پر کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے پر اگلے سیزن آر سی بی نے رجت کو فارغ کر دیا اور 2022 میں آئی پی ایل میں کسی بھی ٹیم نے نوجوان کرکٹرز کو خریدنے میں دلچسپی نہیں دکھائی۔
آئی پی ایل کا حصہ نہ بننے پر رجت پاٹیدار نے دولہا بننے کا سوچا اور ان کے خاندان میں ہی شادی کی بات طے کر کے شادی کی تاریخ حتیٰ کہ ہال تک بُک کرا لیا گیا۔
تاہم شاید رجت کے سہرے کے پھول کھلنے کا وقت نہیں آیا تھا۔ اسی لیے آر سی بی کا ایک کھلاڑی لیونیت سسودیا زخمی ہوکر ایونٹ سے باہر ہوا تو رائل چیلنجرز کو رجت کی یاد آئی اور اسے ٹیم میں شامل کرنے کے لیے فون پر رابطہ کیا۔
نوجوان کرکٹرز کی تو ٹیم میں شمولیت کا سن کا باچھیں کھل گئیں اور کرکٹ کیریئر کے لیے موقع غنیمت جانتے ہوئے شادی کو منسوخ کر دیا اور اپنا کٹ بیگ لے کر ٹیم کو جوائن کرنے چل دیا۔
رجت کا یہ فیصلہ درسٹ ثابت ہوا اور اسے آر سی بی کے لیے 2022 کے ایلیمینیٹر میں کھیلنے کا موقع ملا۔ نوجوان بیٹر نے صرف 49 گیندوں پر 112 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا اور پھر اس کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
رجت پاٹیدار آئی پی ایل پلے آف میں سنچری بنانے والے پہلے ان کیپڈ کھلاڑی بن گئے۔
اس شاندار کارکردگی کے بعد اگلے سال یعنی 2023 میں، RCB نے رجت پاٹیدار کو برقرار رکھا اور اب انہیں ٹیم کا کپتان بنا دیا ہے۔
رجت کے والد منوہر پاٹیدار نے مقامی میڈیا سے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کے بیٹے (رجت) کی شادی 9 مئی 2022 کو رتلام کی ایک لڑکی سے طے تھی۔ شادی کے لیے ہوٹل بھی بُک ہو چکے تھے اور تمام تیاریاں مکمل تھیں کہ اچانک آر سی بی سے کال آنے کے بعد رجت نے شادی کو ملتوی کر دیا۔