ہفتہ, ستمبر 28, 2024
اشتہار

کریمیا میں ہونے والے حالیہ حملوں کے پیچھے امریکا ہے: روس

اشتہار

حیرت انگیز

ماسکو: روس نے کریمیا پر حملوں کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہرا دیا، روسی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کریمیا میں ہونے والے حالیہ حملوں کے پیچھے امریکا ہے۔

روئٹرز کے مطابق اتوار کو روس کے ساتھ ملحقہ جزیرہ نما کریمیا میں یوکرین کے میزائل حملے میں 2 بچوں سمیت 4 افراد ہلاک اور 151 زخمی ہو گئے تھے، اس حملے میں پانچ امریکی فراہم کردہ میزائل استعمال ہوئے۔

روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ یوکرین نے حملے میں امریکی فراہم کردہ ہتھیاروں کا استعمال کیا، حملے میں کلسٹر بموں کا استعمال کیا گیا، وزارت دفاع نے کہا کہ ماسکو کے ساتھ ملحقہ کریمیا پر مہلک حملے کی ذمہ داری واشنگٹن پر عائد ہوتی ہے۔

- Advertisement -

روسی وزارت دفاع نے کہا کہ کلسٹر وار ہیڈز سے لیس امریکا کے فراہم کردہ آرمی ٹیکٹیکل میزائل سسٹم (ATACMS) میزائلوں میں سے چار کو فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا تھا لیکن پانچویں میزائل کا گولہ بارود فضا ہی میں پھٹ گیا۔

روس کے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دکھایا گیا کہ لوگ ساحل سمندر سے بھاگ رہے ہیں اور کچھ لوگوں کو محفوظ مقام کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔ کریمیا میں روسی حکام نے بتایا کہ میزائل کے ٹکڑے دوپہر کے بعد سیواستوپول شہر کے شمال کی جانب ایک ساحل کے قریب گرے جہاں مقامی لوگ چھٹیاں منا رہے تھے۔ اس واقعے نے روسی عوام میں شدید غم و غصہ پیدا کیا۔

وزارت دفاع نے کہا کہ امریکی ماہرین نے میزائلوں کے ’فلائٹ کوآرڈینیٹس‘ امریکی جاسوس سیٹلائٹ کی معلومات کی بنیاد پر ترتیب دیے تھے، یعنی واشنگٹن اس کے لیے براہ راست ذمہ دار تھا۔ وزارت نے کہا کہ سیواستوپول کے شہریوں پر جان بوجھ کر میزائل حملے کی ذمہ داری سب سے بڑھ کر واشنگٹن پر عائد ہوتی ہے جس نے یہ ہتھیار فراہم کیے، اور پھر کیف حکومت پر جس کی سرزمین سے یہ حملہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ دوسری طرف روس کے شہر داغستان میں یہودی اورعیسائی عبادت گاہوں پر بھی حملے ہوئے ہیں جن میں 17 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے، دہشت گردوں نے 2 گرجا گھروں، یہودی عبادت گاہ کو آگ لگا دی تھی، پولیس کی جوابی کارروائی میں 6 حملہ آور مارے گئے، حملہ آوروں نے داغستان میں پولیس چوکی پر بھی فائرنگ کی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں