لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت کے علاقے تھانہ سندر کی حدود میں 2 ملزمان نے 13 سال کے بچے کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے تھانہ سندر کی حدود میں تیرہ سالہ بچے کے ساتھ دو ملزمان نے زیادتی کی، جس پر متعلقہ تھانے میں بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان شان اور بلال نے اسلحے کے زور پر بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایک دوسرے واقعے میں لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں غیرت کے نام پر بیوی پر تشدد کرنے والے شوہر کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
آج کی خبریں پڑھیں: لاہور میں گھریلو تنازعے کے باعث خاتون نے خودکشی کرلی
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون شازیہ پر اس کے شوہر سجاد نے مبینہ طور پر تشدد کیا، خاتون کی درخواست پر شوہر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، زخمی شازیہ جنرل اسپتال میں زیر علاج ہے، جب کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
ادھر لاہور ہی کے علاقے تھانہ گلشن راوی سے چند قدم کے فاصلے پر سر عام منشیات فروشی جاری ہے، اے آر وائی نیوز کو موصول فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بندروڈ گندے نالے کے قریب منشیات فروشی ہو رہی ہے۔
فوٹیج میں منشیات فروش افراد نشہ کرتے اور بھنگ پلاتے بھی دیکھے جا سکتے ہیں، اہل علاقہ نے منشیات فروش عناصر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔