فیصل آباد: پولیس نے کہا ہے کہ منشیات کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کے 10 ساتھیوں کا کرمنل ریکارڈ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز نے اے این ایف کو بھیجی گئی رپورٹ کی کاپی حاصل کر لی، یہ رپورٹ رانا ثنا کے دس ساتھیوں کے کرمنل ریکارڈ پر مشتمل ہے۔
اے این ایف حکام نے پولیس افسر غلام محمود سے ریکارڈ طلب کیا تھا اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی تفصیل بھی مانگی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ایم پی اے خلیل طاہر سندھو کو کلین چٹ دی گئی ہے، خلیل طاہر کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ملا۔
یہ بھی پڑھیں: منشیات برآمدگی کیس، رانا ثنا اللہ کے خلاف عدالت میں چالان جمع
تاہم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 3 افراد رانا اظہر، شمو عرف صابی اور عمران دولت منشیات فروشی میں ملوث ہیں، رانا اظہر 3 تھانوں میں 5 منشیات فروشی، بجلی چوری کے مقدمےمیں چالان یافتہ ہے، جب کہ شمو صابی شراب فروشی اور عمران دولت منشیات فروشی میں ملوث ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 2 سابق یو سی چیئرمین ساجد الیاس اور رانا مظفر کے خلاف بھی کوئی مقدمہ نہیں ہے۔ پرویز جٹ، رانا ارشد، رانا شریف، شیخ عمران کا کرمنل ریکارڈ بھی موجود نہیں۔
خیال رہے کہ آج اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔
منشیات کی روک تھام کے حوالے سے بنائی جانے والی فورس نے عدالت میں 200 صفحات پر مشتمل چالان جمع کرایا جس میں مسلم لیگ ن کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو قصور وار قرار دیا گیا جب کہ مسلم لیگ ن کے دیگر 6 رہنماؤں کو بھی نامزد کیا گیا۔