دنیا کے مقبول ترین فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے فٹبال کے بعد اب یوٹیوب پر بھی اپنی مقبولیت دنیا کو دکھا دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا کے نامور فٹ بالر رونالڈو نے یوٹیوب چینل لانچ کیا تو ڈیڑھ گھنٹے میں ان کے سبسکرائبرز دس لاکھ سے تجاوز کر گئے، اتنے کم وقت میں سبسکرائبر کی یہ تعداد حاصل کرکے رونالڈو نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔
رونالڈو نے 21 اگست کو اپنا چینل یو آر کرسٹیانو لانچ کیا، رونالڈو نے چینل لانچ کرنے کے چودہ گھنٹوں کے دوران اس پر 19 ویڈیوز اپ لوڈ کی گئی اور ہر ویڈیو پر کئی ملین ویوز آ چکے ہیں۔
رونالڈو کے چینل پر دن کے اختتام تک سبسکرائبرز کی تعداد 10 ملین سے تجاوز کر گئی تھی۔ اس نئے ریکارڈ نے ہیمسٹر کومبیٹ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا، جس نے اسی کارنامے کو حاصل کرنے میں سات دن لگے۔
اب تک رونالڈو کے یوٹیوب چینل پر سبسکرائبر کی تعداد 14 ملین سے تجاوز کرچکی ہے جس میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، تجزیہ کاروں کے مطابق میٹا کی ملکیت سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے رونالڈو کے یوٹیوب چینل کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت اسے دنیا کا سب سے مقبول ہوتا یوٹیوب چینل بناسکتی ہے۔
اس کے علاوہ کرسٹیانو رونالڈو نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں فٹبالر کی ہاتھوں میں گولڈن پلے بٹن دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ’ میرے خاندان کے لیے ایک تحفہ۔۔۔تمام SIUUUsubscribers کا شکریہ!۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ سعودی عرب کے النصر کلب اور پرتگال کی قومی ٹیم کی کپتانی کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو کے چینل پر اپنی دیگر دلچسپیوں جیسے خاندان، صحت، غذائیت، تعلیم اور کاروبار کے بارے میں گفتگو کریں گے جبکہ رونالڈو مختلف مہمانوں کے ساتھ چیٹ بھی کرتے نظر آئیں گے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے کہا تھا کہ میں اس پروجیکٹ کو شروع کرنے پر بہت خوش ہوں، یہ ایک طویل عرصے سے میرے ذہن میں ہے لیکن آخر کار ہمیں اس پروجیکٹ کو حقیقی بنانے کا موقع مل ہی گیا۔