بھارت میں شدید بارش کے بعد پانی کی سطح میں اضافے کے بعد مگر مچھ سڑک پر آگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے ضلع سانگلی ضلع کی سڑکوں پر ایک مگرمچھ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، مگرمچھ کو مقامی لوگوں نے سڑک پر مٹر گشت کرتے ہوئے دیکھا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مگرمچھ سڑک پر چلتے ہوئے آیا اور پھر سڑک کے دوسری جانب پانی میں چلا گیا، تاہم مگرمچھ نے کسی کو نقصان نہیں پہنچایا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب ریاست مہاراشٹر بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی لپیٹ میں ہے، سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع تھانہ، رائے گڑھ، رتناگری، ستارا، سانگلی اور کولہ پور ہیں۔
#WATCH | Maharashtra: A crocodile seen on the roads of Sangli district after the water level of Krishna river rose following heavy rainfall. pic.twitter.com/qJVvrFMJxe
— ANI (@ANI) July 25, 2021
ریاستی حکومت نے بتایا کہ مہاراشٹر کے کچھ حصوں میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بارش سے متعلق دیگر واقعات کی وجہ سے اموات کی تعداد 113 ہوگئی، 100 افراد لاپتا ہیں جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔
دریں اثنا ریاست کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے ہزاروں افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے، ریاستی حکومت نے بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ، ایک شخص کی موت ہوئی ہے اور ایک شخص کے تھانہ ضلع سے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ حکومت نے بتایا کہ اب تک رائے آباد میں 52 ، رتناگری میں 21 ، ستارا میں 13 ، تھانہ میں 12 ، کولہ پور میں سات ، مضافاتی ممبئی میں چار ، اور سندھدوگر اور پونے میں دو دو اموات ہوئی ہیں۔