شکارپور: سندھ کے فصلوں پر ٹڈی دل کے حملوں کا سلسلہ نہ رک سکا، آج بھی ٹڈیوں نے شکارپور کے کھیتوں پر دھاوا بول دیا۔
تفصیلات کے مطابق شکارپور کی تحصیل گڑھی یاسین اور ڈکھن میں ٹڈل دل نے فصلوں پر حملہ کردیا جس کے باعث چاول، مٹر اور کپاس کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ کاشتکاروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری ایکشن لے۔
شکارپور کے کاشتکاروں نے مطالبہ کیا کہ ڈی سی شکارپور متاثرہ علاقوں میں فوری اسپرے کرائیں۔ خیال رہے کہ ٹڈی دل گھروں میں بھی داخل ہوگیا ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
دوسری جانب صوبہ سندھ میں ٹڈی دل کے فصلوں پر حملے کے بعد وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو خط لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وفاق سندھ حکومت کو اسپرے کے لیے 3 جہاز اور 32 گاڑیاں فراہم کرے۔
سندھ حکومت ٹڈی دل کے سامنے بے بس، وفاق سے مدد مانگ لی
سندھ حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے وفاق 3 جہاز اور 32 گاڑیاں فراہم کرے، ایک جہاز سے چاروں ڈویژن کے تمام اضلاع میں اسپرے نہیں ہوسکتا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ٹڈی دل کا خاتمہ کرنے کی ادویات باہر سے منگوانا بھی وفاق کی ذمہ داری ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں حکومتِ سندھ نے ٹڈی دَل کے خاتمے کے لیے 31 کروڑ 90 لاکھ روپے جاری کیے تھے، ٹڈی دل سے بچاؤ کے لیے کمیٹیاں بھی بنالی گئی ہیں۔