راولاکوٹ: بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شدید فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر تیتری نوٹ میں بھارتی افواج نے شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں تین پاکستانی شہری زخمی ہوگئے۔
بھارتی فوج کی لائن کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جنگی جنون میں مبتلا بھارت اپنے ناپاک عزائم سے باز نہ آیا۔
راولاکوٹ پولیس کا کہنا ہے کہ بھیروبازار میں گھر پر مارٹرگولہ گرنے سے 3افراد زخمی ہوگئے۔ گذشتہ روز بھی بھارتی فوج کی مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں سپاہی نعمت ولی شہید جبکہ دو خواتین زخمی ہوئیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز بھارتی اشتعال انگیزی پر پاک فوج کی جانب سے بھر پور جوابی کارروائی کی گئی، پاک فوج نے ان تمام بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستانی علاقے میں فائرنگ کی گئی تھی۔
بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، سپاہی نعمت ولی شہید
یاد رہے تین روز قبل بھارتی ناظم الامور گورو آہلو والیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا تھا۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی فوج نے 6 اور 7 اکتوبر کو ایل او سی پر شہری آبادی پر فائرنگ کی، ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، بھارتی فوج کی فائرنگ سے 69 سالہ نذیراں بی بی شہید ہوئیں جبکہ 3 معصوم شہری زخمی ہوئے۔