لاہور: پنجاب میں پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے بٹھائی گیٹ میں انسداد دہشت گردی فورس نے کارروائی کرکے تین دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
گرفتار دہشت گردوں سے تین خود کش جیکٹس اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے، جبکہ گرفتار ملزمان میں خاتون اور دوافغان باشندے شامل ہیں۔
پولیس نے ملزمان سے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے، مزید گرفتاریاں بھی ممکن ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں شہر قائد میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جنداللہ گروپ کا اہم دہشت گرد خان بادشاہ عرف عمرفاروق عرف خان گرفتار کیا تھا۔
گرفتار ملزم سی ٹی ڈی کی جاری کردہ ریڈ بک میں مطلوب دہشت گرد تھا اور دہشت گردی کی متعددکارروائیوں میں ملوث بھی رہا۔
رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی : جنداللہ گروپ کااہم دہشت گرد گرفتار
یاد رہے گذشتہ ماہ بھی کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جنداللہ کے مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کیا تھا ، راجا عمر خطاب نے کہا تھا محمد اسحاق عرف گل کانام ریڈبک میں شامل ہے۔