لاہور: صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کا تعلق بی ایل اے کے باغی کمانڈر گروپ سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے راجن پور میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، دہشت گردوں نے ریلوے ٹریک پر دھماکے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، آئی ای ڈی اور 6 کلو دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا، ملزمان میں حسین بخش عرف بگا، بخش، رحیم علی اور مجاہد دین شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کے برہمداغ بگٹی سے تعلقات کے شواہد ملے ہیں، براہمداغ بگٹی بیرون ملک سے ان دہشت گردوں کی فنڈنگ کرتا ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا نے بی ایل اے کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرلیا
واضح رہے کہ دو روز قبل امریکا نے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ کالعدم بی ایل اے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، بی ایل اے مسلح علیحدگی پسند گروپ ہے جو سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور برطانیہ پہلے ہی بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں اور حکومت پاکستان اس سے قبل امریکا سے بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کرچکی تھی۔