کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اسلام آباد نے کالعدم تنظیم کی تشہیر کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کی تشہیر کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم نے کنونشن سنٹر اسلام آباد میں کالعدم تنظیم کے نام کی ویڈیو بنائی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم مزار قائد کے باہر بھی ویڈیو بنا کر پھیلائی تھی، گرفتار ملزم کی شناخت حسن کے نام سے ہوئی ہے، حسن کارروائی کے بعد ڈیرہ اسمعیل خان میں رپوش ہو گیا تھا۔
حکام نے مزید کہا کہ خفیہ اطلاع پر ملزم کو گرفتار کیا گیا، تعلق خوارجی گروپ سے ہے، ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور وڈیوز بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
دکی : سی ٹی ڈی کی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع دکی میں سی ٹی ڈی اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک کردیے۔
کارروائی کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاع پر کی گئی، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو دیکھ کر مشتبہ افراد نے فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔