لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بارودی مواد برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس نے گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، چندہ اکٹھا کرنے کی پرچیاں اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مبینہ گرفتاردہشت گرد شمس زمان سی ٹی ڈی لاہور کومطلوب تھا، ملزمان نے گوجرانوالہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررکھی تھی۔
ملتان: سی ٹی ڈی سے مقابلہ، کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد ہلاک
یاد رہے کہ 4 روز قبل سی ٹی ڈی پنجاب نے ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گرد رضوان عرف ڈاکٹر،عمران عرف ساقی کا نام ریڈبک میں شامل تھا، مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے نقشے اور دہشت گردی کیلئے استعمال ہونیوالی رقم برآمد کی گئی تھی۔
لاہور: سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 2 دہشت گرد گرفتار
واضح رہے کہ 10 جون کو لاہور میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب انسداد دہشت گردی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے دھماکا خیزمواد برآمد کیا تھا۔