کراچی: سندھ میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں نقل کے معاملے پر محکمہ انسداد دہشت گردی کی تحقیقات میں پورے مافیا کے ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹر کے امتحانات میں نقل کا معاملہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے محکمہ انسداد دہشت گردی کے حوالے کیے جانے کے بعد تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
تحقیقات کے مطابق نقل کروانے میں کوئی ایک شخص نہیں پورا مافیا ملوث ہے۔
مزید پڑھیں: انٹر کے امتحانات میں نقل، بھارتی موبائل فونز کے استعمال کا انکشاف
ذرائع سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ انٹر بورڈ عملے کی مدد کے بغیر نقل ممکن ہی نہیں، بورڈ ملازمین سے متعلق اہم دستاویزات حاصل کرلی ہیں۔ نقل مافیا میں پرائیوٹ ایجنٹ اور کوچنگ سینٹرز بھی ملوث ہیں۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ حساس اداروں کی مدد سے بھارتی نمبروں کا سی ڈی آر حاصل کیا جائے گا۔ بھارتی نمبر پاکستان میں جس سے رابطے میں ہیں اسے گرفتار کیا جائے گا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی نے انٹر بورڈ افسران و ملازمین سمیت 40 سے زائد افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں۔
یاد رہے اس سے قبل محکمہ نے نقل میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا تھا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔